اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی زیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حج ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے اور حکومت پاکستان عازمین حج کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے ۔ وہ ہفتہ کویہاں حج سکیم 2023 پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات طارق محمود پاشا، سیکرٹری مذہبی امور، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور وزارت خزانہ و مذہبی امور کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں حج 2023 کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے اجلاس کو بتایا کہ حج کےلئے درخواستوں کی وصولی 31 مارچ 2023 کو حکومتی پالیسی کے مطابق بند کر دی گئی تھی ، ریگولر سکیم کے 44190 کے کوٹہ کے ضمن میں بینکوں میں 72869 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2023 کےلئے اپنی غیر ملکی زرمبادلہ کی ضروریات کے بارے میں تفصیلات بھی فراہم کیں۔وزیرخزانہ نے ریگولر اسکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کی حتمی تعداد کے بارے میں بینکوں سے مکمل معلومات حاصل کرکے منگل 4 اپریل تک فراہم کرنے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاکہ مکمل معلومات کے حصول کے بعد حکومت حتمی تعدادکا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حج ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے اور حکومت پاکستان عازمین حج کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے ۔