اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو کہیں زیادہ مسائل ہوتے، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، نواز شریف کا فیصلہ تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا،صنعتی شعبے کے مسائل کا حل اور فروغ ترجیح ہے، مل کر کام کریں گے تو پاکستان ٹیک آف کر سکتا ہے،آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکے، پاکستان نے ڈیفالت کیا نہ ہی کرے گا۔ جمعہ کو یہاں بزنس کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے کے لیے نہیں بنا ہے، ہمیں آئی ایم ایف کے بغیر رہنا سیکھنا ہوگا۔وزیر خزانہ نے تاجر برادری سے بجٹ تجاویز مانگتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے متعلق شکایات حل کی جائیں گی کیونکہ تاجر برادری اکانومی کی بیک بون ہے ، حکومت کوئی بھی ہو تنہا کچھ بھی نہیں کرسکتی، اب تک جوکچھ بھی ہوا اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، ملک کی تیزترترقی کےلئے صنعتی شعبے کا فروغ ناگزیر ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ قبل پاکستان ڈیفالٹ کے خطرہ والی لسٹ میں تھا، بزنس کمیونٹی انڈسٹری اور دیگر کی کاوشوں سے بہت بہتری آچکی، 2017 میں پاکستان کس سٹیج پر تھا 2022 میں ہم کہاں تھے، مسلم لیگ (ن) کےسابقہ دورمیں ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں 2.4 مہنگائی کی شرح تھی آج ہم کہاں کھڑے ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، پاکستان کا بیرونی قرضہ 4 ارب ڈالر کم ہوا ہے، بہت جلد آئی ایم ایف پروگرام بھی سائن ہو جائے گا اور بورڈ میٹنگ بھی ہو جائے گی۔