اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار کا سرکلر عدالت عظمیٰ کے ایک فرد کا فیصلہ ہے، ترازو کے پلڑے برابر نظر آنے چاہئیں، فل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ9ججز سے شروع ہونیوالا معاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن اس کیس کی سماعت کا حصہ نہیں تھے، جسٹس اعجاز الاحسن عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے، سپریم کورٹ کا رجسٹرار کا سرکلر عدالت عظمیٰ کے ایک فرد کا فیصلہ ہے، ایک ذہنی مریض شخص پورے ملک کو آگ لگانا چاہتا ہے، پہلے کاغذ لہرا کر سائفر کی کہانی گھڑی اور پھر اسمبلیاں توڑ دیں، ذہنی مریض شخص نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے غیر آئینی اقدامات کرائے، عمران خان عالمی سازش کے جھوٹ میں پکڑا گیا، زمان پارک میں دہشتگرد پال کر پولیس اہلکاروں کے سر پھوڑے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں لاشیں اور فساد چاہتا ہے، عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری پیدا کرنا ہے، عمران خان نے زکوٰتہ کے پیسے ہاوسنگ سکیموں اور سیاست میں استعمال کیا، عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کیں، پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں جوہو رہا ہے، عمران خان نے ججز کو دھمکیاں دیں اور عدالتوں پر حملہ آور ہوا، ترازو کے پلڑے برابر نظر آنے چاہئیں، فل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ کیا ہے، عمران خان الیکشن سے بھاگ رہا ہے، جمہوری جماعتیں آئینی مدت مکمل ہونے پر الیکشن کے میدان میں نظر آئیں گی، پاکستان کے عوام ووٹ سے ذہنی مریض عمران خان کو سیاست سے باہر کر دیں گے ۔