لاہور(نمائندہ خصوصی ) لاہور کی سیشن عدالت نے پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی ٹریفک حادثے میں موت کے حقائق چھپانے کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنماﺅںڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمودالرشید کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کر دی۔گزشتہ روز سیشن عدالت میں ظل شاہ کیس کی سماعت ہوئی ۔ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمودالرشید نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری لگوائی جبکہ فواد چوہدری اور فرخ حبیب کی ایک روزہ حاضری سے معافی کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔دوران سماعت سیشن عدالت نے عدالتی اہلکار سے سوال کیا کہ کیا مقدمے کا ریکارڈ آیا ہے؟۔عدالتی اہلکار نے جواب دیا کہ تفتیشی افسر کے مطابق اسی نوعیت کے مقدمے میں ریکارڈ دوسری عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنماﺅں کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی ہلاکت کے مقدمے میں بلا جواز نامزد کیا گیا۔استدعا ہے کہ گرفتاری کا خدشہ ہے شامل تفتیش ہونے کے لیے عبوری ضمانت منظور کی جائے، کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت قبل از گرفتاری بھی دی جائے۔لاہور کے تھانہ سرور روڈ میں ظل شاہ کی ہلاکت کا مقدمہ درج ہے جس میں عمران خان ،یاسمین راشد، محمود الرشید، عمران خان سمیت دیگر رہنما نامزد ہیں۔