کراچی (نمائندہ خصوصی ) وزیربلدیات سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی مفاہمت کی سیاست سے پارٹی کو ضرب لگنے والے سیاسی مخالفین کے بیانات آج دفن ہوچکے ہیں۔ ناصر شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر آصف زرداری نے تاریخ کی بڑی اتحادی حکومت بناکر مفاہمت کی سیاست کا جھنڈا گاڑا ہے، ابھی وفاق میں 8 جماعتیں اور 4 آزاد ارکان اتحادی حکومت میں شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ شہید محترمہ کے فلسفے کو صدر زرداری نے کامیاب بنایا ہے جو صرف صدر زرداری کا شیوا ہےاورسیاسی مخالفیں کا مفاہمت کی سیاست سے پارٹی کو نقصان پہچانے کا بیان بلکل غلط ثابت ہوچکا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مفاہمت سے آج پیپلزپارٹی کا وفاق ہی نہیں بلکہ پنجاب کی حکومت میں بھی حصہ ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں سے حکمرانوں کو سڑکوں پر اور ا پوزیشن کو اقتدار میں لانا یہی مفاہمت کی سیاست کا کمال ہے، آج صدر زرداری کی مفاہمت کی سیاست سے ملک بحرانوں سے نکل رہا ہے۔