اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سپانسرشپ حج سکیم میں درخواستوں کی وصولی کیلئے ایک ہفتہ توسیع کا فیصلہ کرلیاگیا ۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے میں مشکلات کے بعد توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان مذہبی امور کے مطابق سمندر پار پاکستانی 7 اپریل تک سپانسر شپ حج سکیم میں رقوم بھجوا سکیں گے۔ترجمان کے مطابق رقوم وزارت ِ مذہبی امور کے ڈالر اکاونٹ میں بذریعہ ٹی ٹی یا وائر ٹرانسفر بھجوانا ہوگی۔ ترجمان کے مطابق بھجوائی گئی رقوم کی تصدیق اور پراسیس کیلئے درخواست گذار یا قریبی عزیز بینک سے رابطہ رکھیں۔ ترجمان کے مطابق سپانسرشپ حج سکیم کے درخواست گذاروں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق حج درخواست گذار مزید معلومات اور پراسیس کیلئے نامزد بینکوں سے رجوع کریں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ریگولر حج سکیم میں درخواستوں کی وصولی میں 2 اپریل تک توسیع کر دی گئی ۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق نامزد بینک ہفتہ اور اتوار کو حج درخواستوں کی وصولی کیلئے کھلے رہیں گے ،نامزد بینک کھولنے کی اجازت حاصل کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رابطہ کر لیا گیا۔