اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور زیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اگر بینچز ایسے ہی بنتے اور ٹوٹتے رہیں گے تو ادارے کی ساکھ ختم ہوگی، ون مین شو چلایا جا رہا ہے، عوام تسلیم نہیں کرے گی،فل کورٹ کی تشکیل اب لازم ہوگئی، چار تین کے تنازع کا حل بھی اب لازم ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آئینی تشریح کے تمام معاملات پر قوم انحصار کرتی ہے، چار تین کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا گیا، ادارے کی کیا ساکھ رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ سرکلر کا رواج پہلی بار دیکھا ہے، فل کورٹ کی تشکیل اب لازم ہوگئی، چار تین کے تنازع کا حل بھی اب لازم ہے۔(ن )لیگی رہنما نے کہا کہ لوگ تو کہہ رہے ہیں کہ معاملہ استعفے کی طرف جا رہا ہے، دو تارڑ ایکٹو ہیں، بازی میں پہلے ایک تھا، اب دو ہوگئے ہیں، جو آئین کی پاسداری کےلئے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تب بھی تارڑ کھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں، لوگ الزامات لگاتے ہیں، طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں، میں تو حلف دینے کو تیار ہوں۔