کراچی(نمائندہ خصوصی) لائیو ویپن فائرنگ کے شاندار مظاہرہ میں پاک بحریہ کے گراؤنڈ بیسڈ ایئر ڈیفنس یونٹس نے رات کے اوقات میں زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائلوں کی فائرنگ کے ذریعے جنگی تیاری اورحربی صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی نیول ا سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اگلے مورچوں پر میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔میزائل فائرنگ کے دوران، پاک بحریہ ایئر ڈیفنس یونٹس نے مطلوبہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ حال ہی میں حاصل کیے گئے شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم سے کامیاب میزائل فائرنگ کسی بھی فضائی خطرے کے خلاف پاک بحریہ کے مضبوط دفاع کی غماز ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ ایئر ڈیفنس یونٹس کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں افسروں اور جوانوں کے انتھک عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار و مستعد ہے۔