اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس تھانہ صدر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اقبال مہمند، سپاہی وقار، مرجان، کرامت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہارکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرسٹ لائن آف ڈیفنس کا شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ تھانہ صدر پر دہشت گردوں کے حملے کا پولیس نے جرات و بہادری سے مقابلہ کیا۔دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی بقا اور ترقی ہے۔ وزیراعظم نے اے پی سی کے ڈرائیور سردار علی اور 6 زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا حکومت کو شہدا کے لئے پیکج اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔