اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ 12 یا 16 اگست کے بعد ہماری حکومت نہیں ہو گی، 16 اگست کو عبوری حکومت آ جائے گی، الیکشن کرانا ان کا کام ہے،ملک اس وقت افراتفری اور انارکی کی طرف کھڑا ہے، اس کےلئے عمران خان کی دس سال کی محنت ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہونا چاہیے، لوگوں کو معاملات کے حل کرنے کےلئے مشاورت سے کام لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت افراتفری اور انارکی کی طرف کھڑا ہے، اس کےلئے عمران خان کی دس سال کی محنت ہے، انہوں نے ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔رانا ثناءاللّٰہ نے کہاکہ معاملات کو حل کرنے کےلئے گریٹر ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، ایک بیان دینے سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا، ڈائیلاگ ہی بہتر راستہ ہے لیکن اس کے لیے درست لائحہ عمل بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ دہشت گردی آﺅٹ آف کنٹرول نہیں ہوئی اور نہ ہی ہوگی، دہشت گردی موجود ہے، دہشت گرد اپنی کارروائیاں کررہے ہیں، ان کے تدارک کےلئے ہماری افواج اور وزارت اپنا کام کر رہی ہے، دہشت گردی کو ملک سے ختم کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ایک فریق دس سال سے اپنے مخالفین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ شخص حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، مخالفین سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، اگر الیکشن کی تاریخ دے دی جائے اور ہم الیکشن میں چلے جائیں، تو بیٹھ کر کیا بات کرنی ہے؟ بیٹھ کر بات پہلے ہو گی، عدالت عظمیٰ جو فیصلہ کرے گی اس کا احترام ہو گا۔وزیرِ داخلہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ساری باتوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا ہے، فیصلہ آئینی اور قانونی طور پر درست ہے، عمران خان نے اسمبلی اس لیے توڑی تا کہ وقت سے پہلے الیکشن ہوں، وہ چاہتے ہیں دو اسمبلیوں کا الیکشن الگ اور 2 کا الگ ہو۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کا یہ اقدام ملک کےلئے بہتر نہیں، اس سے ملک میں انارکی آئے گی، 8 اکتوبر کو جنرل الیکشن ہوں گے۔