اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن، استحکام اور اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹریز کے 18ویں اجلاس میں قومی سلامتی ڈویژن کے سیکرٹری انجینئر عامر حسن کی قیادت میں پاکستانی وفد نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت پر بات کرتے ہوئے عامر حسن نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن، استحکام اور اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے لئے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔