اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ عدالت آج اگر اپنے اندر سے اٹھنے والی آوازیں نہیں سنے گی تو ملک کے اندر بہت آوازیں اٹھیں گی ، سیاسی جماعتیں عدالت میں صرف اپنا حق مانگ رہی ہیں ، ہمارا مقصد قانون کی حکمرانی ہے ، اداروں میں تصادم نہیں چاہتے ، پارلیمان سپریم ادارہ ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیر ی رحمان اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر ،گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ کررہے تھے ۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ عدلیہ اصلاحات کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ،ابھی قانون سازی کا عمل جاری ہے ، ابھی یہ معاملہ سینیٹ میں جانا ہے اس کے بعد قانون بنے گا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر ،گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن سے ہی سیاسی استحکام آئے گا ،ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ نئی مردم شماری کے بعد ایک ہی دن قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ کوئی اچھا آپشن نہیں ہوتا۔