لاہور(نمائندہ خصوصی ) اسپانسر شپ حج اسکیم میں توقع سے کم درخواستیں موصول ہونے پر وزارت مذہبی امور نے تاریخ میں توسیع پر غور شروع کردیا ، تاریخ میں توسیع کا حتمی فیصلہ 31 مارچ کو ہوگا۔سیکرٹری وزرات مذہبی امور آفتاب درانی نے اسپانسر شپ حج اسکیم میں کم درخواستیں موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسپانسر شپ حج اسکیم کیلئے 44 ہزار کے کوٹے میں ڈالرز کے ہمراہ اب تک صرف 3 ہزار 722 درخواستیں ہی موصول ہوئی ہیں۔اسپانسر شپ حج اسکیم میں انتہائی کم درخواستیں آنے پر وزارت مذہبی امور نے وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتخانوں سے مدد مانگ لی ہے ، سفارتخانوں کو اسپانسر شپ حج اسکیم کی بیرون ممالک میں تشہیر کی درخواست کردی گئی۔سیکرٹری وزرات مذہبی امور آفتاب درانی نے کہا ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا حتمی فیصلہ 31 مارچ کو ہوگا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت کوٹے کے مطابق 48 ہزار 877 عازمین درخواستیں جمع کراچکے ہیں، اسپانسر شپ حج اسکیم کیلئے تاریخ میں چند دن کی توسیع ہوسکتی ہے۔