اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )بچوں کے حقوق کے بارے میں پارلیمانی کاکس کا اجلاس ممبر قومی اسمبلی محترمہ مہناز اکبر عزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی منصوبہ برائے تحفظ اطفال کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا روشن مستقبل ہر بچے کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے گا کیونکہ مسودہ پہلے ہی انسانی حقوق کی وزارت میں ہے اور اس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے نگرانی کی ضرورت ہے۔ کاکس نے بچوں کے تحفظ اور بہبود سے متعلق قوانین اور پالیسیوں کا جائزہ لینے پر غور کیا۔ قادر خان مندوخیل اور محترمہ آسیہ عظیم نے بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایکشن پلان کی تشکیل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انسانی حقوق کے قومی کمیشن کی چیئرپرسن نے کاکس اجلاس کو بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے بنیادی آئینی شق کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔