اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا خواب خواتین کی شمولیت کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،خواتین کے حقوق کے لیے دختر جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا،اس وقت پارلیمنٹ میں اہم قانون سازی کا عمل جاری ہے، پارلیمان میں قانون سازی کے عمل میں خواتین کا فعال کردار ناگزیر ہے، انتخابی اصلاحات کی قانون سازی کے لیے خواتین کی تجویز کا خیر مقدم کیا جائےگا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمانی وویمن کاکس کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمانی وویمن کاکس پورے پاکستان میں خواتین کی ترجمانی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پارلیمانی وویمن کاکس بغیر کسی سیاسی وابستگی کے ملک بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کےلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی کا خواب خواتین کی شمولیت کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی خواتین کی تمام شعبے ہائے زندگی میں شمولیت قابل ستائش ہے۔ انہوںنے کہاکہ خواتین اراکین پارلیمنٹ کا خواتین کے حقوق کےلئے قانون سازی کے عمل میں شمولیت قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ملک خواتین کے ترقی کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ خواتین کے حقوق کے لیے دختر جمہوریت محترمہ بے نظر بھٹو کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔