بیجنگ( نیٹ نیوز )
چین نے سال 2008 سے 2021 کے درمیان ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ منصوبے میں شامل 22 ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے 240 ارب ڈالر فراہم کئے۔ورلڈ بینک، ہارورڈ کینیڈی سکول اور کیل انسٹی ٹیوٹ برائے عالمی معیشت کی ایک تحقیق کے مطابق اس بڑی رقم کا تقریبا 80 فی صد حصہ 2016 سے 2021 تک فراہم کیا گیا تھا۔ ان ممالک میں پاکستان، ارجنٹینا، مصر اور منگولیا شامل ہیں۔چین نے ترقی پذیر ممالک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے سینکڑوں ارب ڈالر کے قرض فراہم کئے ہیں مگر یہ عمل قرضوں کی واپسی میں مشکلات کے سبب 2016 کے بعد سے کم ہوتا گیا۔چین نے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی فراہمی میں سب سے زیادہ ارجنٹینا کو فراہم کیا جو کہ 111٫8 ارب ڈالر ہے۔ اس کے بعد پاکستان کو 48٫5 ارب ڈالر کے قرض فراہم کئے گئے ہیں جبکہ تیسرا نمبر مصر کا ہے جسے 15٫6 ارب ڈالر کے قرض دئیے گئے ہیں۔