اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشتگردی کے مقدمات میں عمران خان سمیت 17 رہنماوں کو طلب کرلیا۔محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے پی ٹی آئی کی قیادت کو دہشت گردی کے 2 مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کے لیے حکم نامہ بھجوایا گیا ہے۔پارٹی چیئرمین عمران خان کے علاوہ محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے مراد سعید، عامر کیانی، امجد نیازی، راجا خرم نواز، علی امین گنڈا پور، شبلی فراز، اسد عمر، ڈاکٹر شہزاد وسیم، فرخ حبیب، عمر ایوب، حماد اظہر، اسد قیصر، حسان خان نیازی اور عمران خان کے سی ایس او کرنل ریٹائرڈ عاصم کو تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں بلایا گیا ہے جبکہ عمران خان، اسد عمر، علی نواز اعوان اور عامر مغل جمشید خان سمیت 10 افراد کو تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ میں بلایا گیا ہے۔محکمہ انسداد دہشتگردی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد شاملِ تفتیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں بصورتِ دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔