لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ، داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دئیے گئے جس کی وجہ سے دوسرے شہروں کو جانے اور آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،میٹروبس کا روٹ بھی مختصر کر دیا گیا اور میٹروبس کو گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلایا گیا ،جبکہ نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے راستوں کو بند کر کے سیاسی کارکنوںکو جلسے میں جانے سے روکنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے تھریٹ الرٹس جاری ہونے کے بعد مخصوص مقامات پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی طرف سے گزشتہ روز مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ۔پولیس کی طرف سے مینارپاکستان جانے والے تمام راستوں پر کنٹینر ز رکھ کر بند کیا گیا ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر زلگائے گئے ۔راوی پل ،ریلوے اسٹیشن سے مینارپاکستان جانے والے راستوں،شاہ عالم مارکیٹ ،سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے پر بھی کنٹینرز لگائے گئے ، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کو بھی کنٹینرز لگاکربند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی کنٹینرز کے ذریعے کردیاگیا ۔راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کی وجہ سے دوسرے شہروں کو جانے اور آنے والے مسافر وں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا رہا ۔ پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث میٹرو بس سروس کے روٹ کو بھی مختصر کر دیا گیا ۔انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی گئی۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر نے روکاوٹیں لگا کر لوگوں کو جلسے میں جانے سے روکنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے لاہور میں جلسہ گاہ جانے والے راستے بند نہیں کئے۔ دہشتگردی کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے تھریٹ الرٹس جاری ہونے کے بعد مخصوص مقامات پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ کنٹینرز لگائے گئے ہیں،عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا اور ان کی جانوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،عوامی اجتماعات کی صورت میں دہشتگردی کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں اس لیے کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کے لیے چیکنگ کی جا رہی ہے،کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکنوں کو جلسے میں شمولیت سے نہیں روکا گیا ،حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دی رکھی ہے۔