اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قطر امیری فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل(پائلٹ) جاسم محمد احمد المنائی نے آج سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ معزز مہمان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔قطر امیری فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل(پائلٹ) جاسم محمد احمد المنائی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتےہوئے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ ایئر چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر باہمی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔