کراچی(کرائم رپورٹر)
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سپرہائی وے سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشیاں منڈیوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان کی ترتیب اور فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے جس کے تحت سیکیورٹی کے مجموعی امور میں پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے ساتھ مربوط روابط اور امن وامان کی تمام تر صورتحال کو پیش نظر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے ٹھوس اقدامات کے حوالے سے صرف منتخب یا مخصوص کردہ مقامات پر ہی مویشیاں منڈیوں کے قیام کے اقدامات کرائےجائیں اور غیر قانونی مویشیاں منڈیوں کے خلاف ہر سطح پر جملہ اقدامات کو موُثر بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نےکہا کہ سپرہائی وے مویشیاں منڈی کو جانے اور آنیوالے تمام مرکزی راستوں ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کے لحاظ سے سروے کیا جائے اور جرائم سے ممکنہ طور متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندھی کے تحت چھاپہ مارکاروائیوں کو کامیاب بنایا جائے۔
مویشیوں کو لیکر جانیوالی مختلف گاڑیوں،مویشیوں کےبیوپاریوں کی سیکیورٹی کے لیئے ہائی ویز و دیگر شاہراہںوں پر تھانوں کی سطح پرپیٹرولنگ پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو مذید سخت کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مویشیاں منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کے لیئے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ کار/ موٹرسائیکل پارکنگ لاٹس پربھی حفاظتی اورٹریفک کے جملہ اقدامات غیرمعمولی بنائےجائیں علاوہ اذیں ریکی نگرانی سراغ رسانی سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ذمہ داریوں کو بھی کنٹی جینسی پلان کا حصہ بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ مویشیاں منڈی کنٹی جینسی پلان کے تحت جملہ امور کی انجام دہی میں مصروف افسران اور جوانوں کے زونل و ضلعی وائرلیس بیسز،مددگار 15 سمیت متعلقہ تھانوں سے مسلسل رابطوں کے لیئے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں قیام امن مختلف علاقوں میں ممکنہ مشکوک و مشتبہ سرگرمیوں و جرائم پیشہ عناصر کی سرویلنس و نگرانی کے ضمن میں سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری ضروری ہدایات پر عمل درآمد جیسے اقدامات کو بھی کنٹی جینسی پلان کے تمام تر ضروری امور میں شامل کیا جائے ۔