اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل انور بھٹی نے کہا ہے کہ دو ہاتھیوں کی لڑائی میں عوام پس کر رہ گئے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کے لیے لازم ہے کہ ہم تعمیری سوچ کو لے کر آگے بڑھیں، انہوں نے کہا کہ امن کی فاختہ کو زندہ رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے کہ انتقام کی سیاست کا رواج کسی ایک فریق کو ختم کرنا ہو گا۔ فیصل انور نے کہا کہ ملکی مفاد میں پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کو اپنے رویوں میں لچک پیدا کرنی پڑے گی۔ دیگر سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھ کر ملک میں سیاسی استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ قیوم موجودہ سیاسی صورتحال میں ثالثی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ خان اعظم خان عبدالقیوم خان نے قائد اعظم محمد علی جناح کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ملک دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا تھا۔ آج بھی قیوم لیگ سید فقیر حسین بخاری کی قیادت میں ملک میں جاری سیاسی و معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔