اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ عمران خان کے مبینہ قتل کی منصوبہ بندی کے بیانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ یہ سنجیدہ الزام ہے جس کے ثبوت پیش کرنے کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے، عدالت عمران خان سے ثبوت طلب کرے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے پہلے بھی عمران خان سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگا کر سیاسی بیانیہ بناتے رہے ہیں، گزشتہ انتخابات میں عمران خان نے دھاندلی، کرپشن کے الزامات لگا کر جھوٹا سیاسی بیانیہ بنایا تھا، اس بار انتخابات میں ان کو نئے بیانیے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر شیریں رحمان نے کہا کہ عمران کی ”مجھے قتل کرنے کی سازش“بھی”بیرونی سازش“کی طرح من گھڑت بیانیے کے سوا کچھ نہیں ہے، اگر الزامات میں صداقت ہوتی تو قتل کی سازش کرنے والوں کے نام عدالت کے سامنے رکھتے۔وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ یہ انتخابات سے پہلے لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے بیانیہ بنا رہے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں بھی مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے ان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔دوسری جانب آئی جی پنجاب عمران خان کے الزامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے الزامات کا ہر سطح پر سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔