اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزک نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان معاشی اصلاحات پر عمل درآمد کرکے اعتماد بحال کرے،آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ سے دیگر امدادی ادارے بھی آگے آئیں گے۔آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہﺅے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان میں مہنگائی، پست شرح نمو اور زرمبادلہ کی ضرورت بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب نے پاکستان کے معاشی مسائل مزید گھمبیر کیے، پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام کے نویں جائزہ اجلاس پر مذاکرات کیے گئے، پاکستان کے ساتھ نویں جائزہ اجلاس کے لیے اسٹاف لیول معاہدے پر بات چیت ہوئی۔ جولیا کوزک نے کہاکہ حکومت پاکستان سے معاشی اصلاحات پر عمل درآمد چاہتے ہیں، پاکستان معاشی اصلاحات پر عمل درآمد کرکے اعتماد بحال کرے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے گنجائش دی گئی، پاکستان کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فنڈزکی تقسیم کی اجازت دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان دوست ملکوں سے معاونت کو بروقت یقینی بنائے، دوست ملکوں سے بروقت معاونت سے اسٹاف لیول معاہدہ ممکن ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دیگر امدادی اداروں سے فنڈنگ کے لیے بھی اصلاحات پر عمل پیرا ہو۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ سے دیگر امدادی ادارے بھی آگے آئیں گے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت تمام امدادی ادارے قرض پروگرام میں اصلاحات چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی آئی ایم ایف کی اصلاحات پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف بھی امدادی ملکوں اور اداروں سے فنڈنگ کی یقین دہانی چاہتاہے۔