کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ہزاروں پاکستانیوں کے دلوں کی ملکہ ‘ کومل رضوی نے اورلینڈو میں اپنی مسحور کن اور زبردست پرفارمنس پیش کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔ تقریب کے شرکاء کومل رضوی کے گانوں کی ہر پرفارمنس کے ساتھ جھومتے اور ناچتے نظر آئے۔
اگرچہ اس وقت کومل رضوی فلو اور تیز بخار میں مبتلا تھیں لیکن انہوں نے مداحوں کی خاطر بیماری کو پس پشت ڈال دیا اور ایک جاندار پرفارمنس پیش کرنے کے لیے تقریب میں پہنچ کر حاضرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
کومل نے وہاں موجود ہجوم سے اپنی کام کی لگن کا اظہار کرتے ہوئے کہا "ایک بار جب میں ایک شو کرنے کی حامی بھرلیتی ہوں تو اللہ کے فضل سے میں اسے اپنا 200 فیصد دیتی ہوں ‘میں نے آج تک ہزاروں کی تعداد میں شوز کئے ہیں لیکن آج تک کسی ایک شو کو بھی منسوخ نہیں کرنا پڑا۔”
کومل رضوی کے اسٹیج تک پہنچتے ہی ہال میں جیسے بجلی سی دوڑ گئی ‘انہوں نے جب اپنے مشہور گانے پیش کرنے شروع کئے تو ہال میں موجود تمام لوگ ان کے ساتھ ہی جھومنے‘ ناچنے اور گانے پر مجبور ہوگئے۔ ان کی اسٹیج پر موجودگی اور شاندار پرفارمنس نے ہر کسی کو متوجہ کرلیا اور شائقین ان کے سحر میں مبتلا نظر آئے۔
اس موقع پر کومل رضوی نے اپنے ابتدائی ایام سے لے کر اب تک کے گائے ہوئ ے گانوں پر پرفارم کرکے جیسے اپنے پورے کیرئیر کو حاضرین کے سامنے پیش کردیا۔ وہ مداحوں کو موسیقی کے ایک ایسے سفر پر لے گئیں جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ کومل رضوی نے انتہائی شاندار اور منجھے ہوئے انداز میں اپنے بہترین اور مقبول ترین گانوں کو پیش کیا جس میں پنجابی نمبروں کے ساتھ رومانوی گانوں اور الیکٹرک ڈانس ٹریک بھی شامل تھے۔ اس دوران کومل رضوی گاہے بگاہے شرکاءسے بات چیت بھی کرتی رہیں ‘ انہوں نے حاضرین سے اپنے تجربات شیئر کئے اور ان کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کومل رضوی نے ہجوم سے مخاطب ہوکر کہا "مجھے آپ لوگوں نے جو پیار اور عزت دی ہے ‘اس کے لیے میں آپ لوگوں کی بے حد شکرگزار ہوں ‘ یہ آپ لوگوں کا پیار ہی ہے جو میں اپنی موسیقی آپ تک پہنچانے کے قابل ہوپائی ہوں۔”
یہ کانسرٹ حقیقتاً ایک یاد گار تقریب تھی جس میں کافی عرصے کے بعد شائقین کے جوش و خروش سے بھرپور نعرے گونج رہے تھے۔ کومل نے اپنی شاندار پرفارمنس پیش کرکے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ موسیقی کی دنیا کی وہ ملکہ ہیں جنہیں اپنے فن کا براہ راست مظاہرہ کرنے میں ملکہ حاصل ہے اورجن کے مداح ان کی اگلی پرفارمنس کا بے صبری سے انتظار کر تے ہیں۔