اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے آڈیو لیکس معاملے پر کہا ہے کہ اگر یہ کہانی جھوٹی ثابت ہو تو ہمیں سزا دی جائے، کیا علی ساہی کا کوئی وجود نہیں؟ ان معاملات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق میں انہوںنے کہاکہ حالات ایسے ہیں کہ اگر تدبر اور دانائی سے فیصلہ نہ ہوا تو فساد، انارکی اور افراتفری پھیلے گی، سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئےگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے مختلف آراءہیں، پارلیمنٹ کو رہنمائی کا اختیار حاصل ہے،حکومت اور اداروں کی رہنمائی کرے،ہم آئین کے مطابق معاملات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔رانا ثنا ءاللہ نے کہاکہ کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے شیڈول دیا، ہم نے اس حکم کے تحت انتخابی عمل شروع کیاہے،سپریم کورٹ کے حکم کو رد کرنے کاسوچ بھی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ جو آڈیو لیک ہوئی ہے ،کیا علی ساہی کا کوئی وجود نہیں ہے؟ دو بیٹوں کا بھی ذکر ہوا ہے، ان معاملات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، اگر یہ کہانی جھوٹی ثابت ہو تو پھر ہمیں سزا دی جائے۔رانا ثنا ءنے کہا کہ صوبائی الیکشن کے بعد برسراقتدار حکومت کی موجودگی میں قومی اسمبلی کے انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہوگی، صاف شفاف الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان اٹھیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نگراں حکومتوں کی موجودگی میں بیک وقت ساری اسمبلیوں کے الیکشن شفاف اور منصفانہ ہونگے تو یہ ملک کے لئے بہتر ہو گا۔