کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کی ترجمان کے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی ترجمان نے شان رسالت میں گستاخانہ بیان دیکر پوری امت مسلمہ کی دل آزاری کی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیوں کہ عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے، کوئی مسلمان پھرچاہے وہ کتنا بھی گنہگار کیوں نہ ہو وہ اپنا سر تو کٹواسکتا ہے مگر اپنے نبی کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پر حکومت پاکستان کا خاموش تماشائی کردار افسوس ناک ہے جبکہ دیگر اسلامی ممالک نے بھارتی سفیر کو بلاکر اپنا احتجاج رکارڈ کروایا ہے اور عوام ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کررہے ہیں اسلئے حکومت پاکستان کو امت مسلمہ کی ترجمانی کرتے ہوئے واقعہ کا نوٹس اور بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ بلاکر سخت احتجاج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مودی واقعہ پر امت مسلمہ سے معافی اور گستاخی کے مرتکب بے جی پی رہنماﺅں کیخلاف تادیبی کاروائی تک ان کیخلاف بھرپور احتجاج اور بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔