اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر نے پنجاب اور کے پی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔ایک انٹرویومیں عرفان قادر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران کے خلاف عدالتی حکم نہ ماننے پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ اگر آئین میں 90 روز میں انتخابات کاذکر ہے تو آئین میں یہ بھی درج ہے کہ اگر کوئی چیز بروقت نہ ہوسکے تو وہ بعد میں بھی کی جاسکتی ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست ہے۔دوسری جانب سابق صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار شعیب شاہین نے کہا کہ یہ آئین کی معطلی کے مترادف ہے، سب سے پہلے توہین عدالت الیکشن کمیشن کے ممبران کے خلاف لگے گی، جن افراد نے الیکشن کمیشن کے بقول ان سے تعاون کرنے سے انکار کیا ہے ان کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔