اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قراردادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 83 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ ’یوم پاکستان‘ بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ یہ دن 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے جسکے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن حاصل کرنے کا عزم کیا تھا۔ یوم تجدیدِ عہد وفا کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پوری پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر جوان پاکستان کے دفاع،سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ملک کی سالمیت کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔