راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)
جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی انگور اڈا میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کی نماز جنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے کا کہنا تھاکہ نماز جنازہ میں حاضرسروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران اورجوان بھی شریک ہوئے جبکہ حکومتی حکام، ارکان پارلیمنٹ اور عوام کی بڑی تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔شہید بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی کے قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی انسداد دہشت گردی کے کئی آپریشنز میں شامل رہے، انہوں نے پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد نیٹ ورک ختم کیے۔بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے 2016 میں اےپی ایس میں دہشت گردوں کو ختم کیا۔