اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور 160 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔