اسلام ابٓاد (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24 مارچ تک توسیع کر دی گئی ۔ پیر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت کے لیے عمران خان کے جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ سینئر وکیل لاہور سے آرہے ہیں سماعت میں وقفہ کیا جائے جس پر عدالتی عملے نے سماعت کے لیے 11 بجے کا وقت دے دیا۔بعد ازاں سماعت کا وقت شروع ہوا تو دونوں طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا اور ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24 مارچ تک توسیع ہوگئی۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے تھے اور انہیں 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانامجاہد رحیم نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔14 مارچ کو ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16مارچ تک معطل کردیے تھے، 16 مارچ کو عدالت نے پھر وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔