اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ بلوچستان اور سندھ میں بارشوں کی وجہ سے انسانی جانوں اور کھڑی فصل کو نقصانات پر دل افسردہ ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں سے جاری بارشوں کے باعث بلوچستان میں 10 افراد جاں بحق جبکہ سندھ میں بارشوں اور ڑالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو شدید نقصان ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان اور سندھ میں بارشوں کی وجہ سے انسانی جانوں اور کھڑی فصل کو نقصانات پر دل افسردہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ متاثرہ لوگوں اور کسانوں سے دلی ہمدردی ہے، ہم ابھی گذشتہ سال کی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نہیں نکلے۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان اور سندھ میں ابھی سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کا سلسلہ جاری ہے، ایک طرف بلوچستان میں سندھ میں ایک بار پھر بارشوں نے تباہی مچا دی ہے دوسری طرف ایک شخص کا سیاسی تماشہ ختم ہی نہیں ہو رہا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سب سے گزارش ہے کہ اس سیاسی تماشے میں بلوچستان اور سندھ میں ہونے والی بارشوں سے پیدا ہونے والے نقصانات پر توجہ دیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ متاثرہ لوگوں کی زندگیاں اور کسانوں کو درپیش مسائل ایک شخص کے سیاسی تماشے سے زیادہ اہم ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سیلاب کے وقت بھی "عمران بچاﺅ” جلسے کئے تھے۔