اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ایٹمی و میزائل پروگرام سے متعلق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ ہمارے میزائلوں کی رینج پر بات کرے وزیراعظم شہباز شریف فوری طور پر اس معاملے پر قوم کو اعتماد میں لیں۔اتوار کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ سینیٹر رضا ربانی نے بھی اسحاق ڈار کے بیان پر سوالات اٹھائے ہیں وزیر خارجہ بیرون ملک دوروں پر ہیں وہ اپنا امیج بنا رہے ہیں انھیں اس حساس معاملے پر بیان دینا چاہیے تھا کیونکہ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر بات نہیں کی تو اسحاق ڈار کو ایسی بات کیوں کرنا پڑی ہمارا ایٹمی پروگرام پرامن اور اپنے دفاع کیلئے ہے جنوبی ایشیاء سے متعلق مخصوص ہے اور روایتی توازن کو خطے میں برقرار رکھنے سے متعلق ہے ،انہوں نے پاکستان کے ایٹمی و میزائل پروگرام پر دباؤ کے حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم وہاں اس پر پالیسی بیان دیں کیونکہ خود حکومتی اراکین پارلیمنٹ بھی اس کا مطالبہ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے کی باتین کررہی ہیں ہم معاملاتِ کو حل کرنا چاہتے وہ بگاڑنا چاہتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک پر پولیس نے آپریشن کرکے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی شبلی فراز اور امجد نیازی ہر وحشیانہ تشدد کیا گیا حکومت اپنے عزائم بتائے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے وزیر اعظم پاکستان کے عوام سے مخاطب ہورہے ہیں۔ یہ حکومت اس نہج تک حالات کو پہنچا چکی ہے اور کسی کو کوئی احساس نہیں ہے۔