اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان اور چین نے علاقائی روابط، تعاون بڑھانے کے لیے تیسرے فریق کی شمولیت سمیت سی پیک کی توسیع پر بھی اتفاق کیا ہے جبکہ ثقافتی تبادلے، سیاحت، اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں ،مذاکرات اور مواصلاتی ذرائع کو مزید مضبوط بنانے پر اپنے عزم کو دوہرایا ہے۔تفصیل کے مطابق پاکستان، چین دو طرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کا بیجنگ میں انعقادکیا گیا ، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے کی۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوطرفہ تعلقات، سیاسی، سلامتی، تجارتی، اقتصادی اور مالی تعاون کے امور زیر غور آئے،دونوں ممالک نے ثقافتی تبادلے، سیاحتی، عوامی تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے ،ترجمان کے مطابق پاک، چین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں، مذاکرات، مواصلاتی ذرائع کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ فریقین کا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل کے عزم کا اعاد کیا ،ترجمان کے مطابق سی پیک دوطرفہ تعاون کا اہم ستون، پاکستان، چین مضبوط دوستی کی علامت ہے، علاقائی روابط، تعاون بڑھانے کے لیے تیسرے فریق کی شمولیت سمیت سی پیک توسیع پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، سیکرٹری خارجہ کا ملکی معاشی استحکام، 2022ءکے تباہ کن سیلاب میں امداد پر چین سے اظہار تشکر کیا ،چینی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی سلامتی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا ، فریقین نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی، عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ پاکستان اور چین کا افغانستان سمیت اہم علاقائی امور، کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر تعاون مزید مضبوطے کرنے کا عزم کیا ہے۔