ممبئی( نیٹ نیوز )
بھارتی ٹیلی ویژن کے مشہور کامیڈی اور ٹاک شو ’کپل شرما شو‘ کے میزبان کپل شرما نے کہا ہے کہ نوجوانی میں کی گئی ملازمتوں کے بعد فلم زیویگاٹو میں ڈیلوری بوائے کا کردار ادا کرنا آسان ہوگیا۔ اداکارہ و فلمساز نندیتا داس کی فلم زیویگاٹو میں کپل شرما کو پرفارمنس پر کافی پذیرائی ملی ہے، یہ فلم جمعہ کو تھیٹرز پر ریلیز ہوئی۔ کپل شرماکی نئی فلم ہٹ ہو گئی اس حوالے سے بڑی تعداد میں فلم بینوں اور کپل کے پرستاروں نے مزاحیہ شو سے سنجیدہ کردار کرنے کی ان صلاحیت کو اتنی عمدگی سے نبھانے پر ان کی تعریف کی۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں جب کپل شرما سے پوچھا گیا کہ انہوں نے کس طرح اس کردار کے لیے خود کو تیار کیا؟ اس پر کپل نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا میں کافی جدوجہد کی اور اپنی جیب خرچ کے لیے اضافی آمدنی کے حصول کےلیے وہ چھوٹی موٹی عام سی ملازمت کیا کرتے تھے جس میں ایس ٹی ڈی بوتھ اور گارمنٹ فیکٹری میں کام بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ فلم زیویگاٹو ایک فوڈ ڈیلیوری کرنے والے لڑکے اور اس کے خاندان کی جدوجہد پر مبنی کہانی ہے۔ کپل نے بھارتی میڈیا سے انٹرویو میں بتایا کہ مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ اس کردار میں کیسے گئے؟ تو میں ان سے کہتا ہوں کہ میں ابھی تک اس سے نکلا ہی نہیں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقتاً میں نے کیریئر کے ابتدا میں بہت سارے چھوٹے چھوٹے کام کیے، میں نے کوکا کولا میں کام کیا، پھر ایس ٹی ڈی، پی سی او پر کام کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے علاوہ جیب خرچ کے لیے کپڑے کی فیکٹری میں چھوٹے چھوٹے کام کرتا رہا ہوں۔
کپل شرما کا کہنا تھا کہ مجھے خود پیسے کمانا اچھا لگتا تھا، تو جب میں نے اس فلم کی کہانی سنی تو پھر خود کو اپنے ماضی سے جوڑ لیا۔