سکھر( نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر ترقئ نسواں سندھ و پاکستان ہاکی فیڈریشن وومن ونگ سندھ کی جنرل مینیجر سیدہ شہلا رضا نے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو ہاکی کمپلیکس کا دورہ کیا اور خواتین کھلاڑیوں سے ملاقات کی. انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کو شہید محترمہ بےنظیر بھٹو گرلز ہاکی ٹورنامنٹ جیتنے اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انھیں تعریفی شیلڈز بھی پیش کیں. اس موقع پر سیکریٹری محکمہ ترقئ نسواں سندھ انجم اقبال جمانی و ایڈیشنل سیکریٹری محمد علی شیخ, پاکستان ہاکی فیڈریشن سکھر رینج کے جنرل سیکریٹری عارف بھی انکے ہمراہ تھے. سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ ہماری بچیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود, ہمیں صرف انکی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے انھیں بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے سندھ اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور جس طرح سندھ کے شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں سے بھی بالخصوص بچیاں ہاکی میں دلچسپی لے رہی ہیں وہ قابل رشک ہے جس پر انکے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں. انھوں نے کہا کہ کھیل ہو, سیاست ہو, دفتری امور ہوں یا زندگی کے دیگر مراحل ہوں خواتین و بچیوں نے ہر موقع پر خود کو ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف مردوں کے شانہ بشانہ بلکہ ان سے بھی زیادہ صلاحیتوں کی حامل ہیں. انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا سادہ سا نسخہ خواتین کو معاشی و معاشرتی طور پر بااختیار و مضبوط بنانے میں ہیں کیونکہ مستقبل کی پرورش ماؤں کے ہاتھوں میں ہوتی ہے.