لاہور (نمائندہ خصوصی)
زمان پارک میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران کارکنان کے ہاتھوں گاڑیاں اور ٹریفک سیکٹر میں سامان جلانے کی رپورٹ سامنے آگئی جو لاہور پولیس نے آئی جی پنجاب کو بھجوا دی ۔رپورٹ کے مطابق کارکنوں نے 3 واٹر کینن اور پولیس کی 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا،ایک بس کو بھی جزوی نقصان پہنچایا گیا جبکہ واٹر ٹینکر کو مکمل طور پر جلا دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 3 واٹر کیننز کا ساڑھے 58 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، 42 لاکھ 50 ہزار مالیت کا واٹر ٹینکر مکمل طور پر جلا دیا گیا۔زمان پارک میں تمام گاڑیوں کا1 کروڑ 10 لاکھ 90ہزار روپے کا نقصان ہوا۔اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹریفک سیکٹر شادمان میں 8 موٹرسائیکلیں جلا دی گئیں جن کی مالیت 23 لاکھ روپے تھی۔وائر لیس سیٹس اور کمیونیکیشن سسٹم کو 35 لاکھ جبکہ کیمرے، کمپیوٹر سسٹم، چھتریوں کی مد میں 11 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔رپورٹ کے مطابق پیٹرول بم کی وجہ سے لگنے والی آگ سے روزنامچے کا 3 سال کا ریکارڈ جل گیا، ٹکٹنگ کا رجسٹر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں سے لیے گئے شناختی کارڈز بھی جل گئے۔رپورٹ کے مطابق رجسٹریشن بکس اور لائسنس بھی جل گئے، جولائی 2020 سے دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل گئیں۔اس حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا۔