اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تاثرہے خود کونیوٹرل کہنے والے ادارے کرپٹ حکومت کے ساتھ ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جدوجہد میں ہارنہ ماننا اہم ہوتا ہے،میں اپنی ذات کےلئے نہیں لڑرہا بلکہ پاکستان کوبچانے کے لئے جہاد کررہا ہوں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کودوبارہ کرپٹ عناصرکے حوالے کردیا گیا ہے، عوام میں اس بارے میں غصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارے خود کو نیوٹرل کہہ رہے ہیں تاہم تاثر یہ ہے کہ وہ اس کرپٹ حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی سازش سے اقتدار میں آنے والی جماعتیں تباہ ہوں گی لیکن اس کا اثراداروں پربھی پڑے گا۔عمران خان نے کہا کہ میرے خیال ہے کہ یہ صورتحال زیادہ دیرتک نہیں چلے گی،موجودہ حکومت کا آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے یہ سسٹم کو دھاندلی زدہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن جیت سکیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں ملک میں تشدد اورعوامی املاک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا،موجودہ حکومت نے پنجاب میں جرائم میں ملوث افسروں کو اعلیٰ عہدوں پرتعینات کردیا ہے،چاہتا ہوں کہ سپریم کورٹ واضح ہدایات دے جس کے بعد لانگ مارچ کی منصوبہ کی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں موروثی سیاست کا خاتمہ ہوگا۔پاکستان میں 60 سالوں میں سے 30 سال 2 خاندانوں نے حکومت کی۔