کراچی (اسٹاف رپورٹر) برٹش پاکستانی اداکارہ زوہا رحمن نے حال ہی میں انتہائی متوقع فیچر فلم ‘ڈرٹی اینجلز’ میں اپنا کام ختم کیا ہے۔اس فلم کے ستاروں میں ایوا گرین، روبی روز اور ماریہ بکالووا شامل ہیں۔ اس فلم کی ہدایات مارٹن کیمبل نے دی ہیں جو بے مثال فلموں جیسے کیسینو رائل، گولڈن آئی، ماسک آف زورو اور گرین لینٹرن کے لئے مشہور ہیں۔
کیمبل نے اس فلم کا اسکرین پلے الیسا سلورمین کے ساتھ مل کرلکھا ہے۔ کہانی 2021میں امریکہ کے افغانستان سے نکل جانے کے پس منظر میں تیار کی گئی ہے۔اس میں خواتین فوجیوں کا ایک گروپ میڈیکل ریلیف کے طور پر اغوا شدہ ٹین ایجرس کو بچانے کیلئے بھیجا جاتا ہے جو ISIS اور طالبان کے درمیان پکڑے گئے تھے۔ اس کی پروڈکشن دسمبر کے مہینے میں مراکش میں شروع ہوئی اور یونان میں ملینئیم میڈیا کے نوبویانا اسٹوڈیومیں مکمل کی گئی۔
زوہا نے ‘اسپائیڈر مین فار فرام ہوم’سے اپنی فلمی اداکاری کا آغاز کیاجس میں مارول یونیورس کی پہلی حجاب پہننے والی کے کردار میں نظر آئیں۔انہوں نے نیٹ فلیکس کی ‘ینگ والنڈر’ اور ایپل ٹی وی کی ‘فاؤنڈیشن’ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کے اظہار کا سفر ایک حلقے سے نکل کر بولی ووڈ تک پھیلا ہوا ہے جہاں وہ میا بایوگرافیکل اسپورٹس فیچر’83 میں نظر آئیں۔زوہا انشومن جھا کی ‘لارڈ کرزن کی حویلی’ کی کاسٹ میں بھی شامل ہیں جو اس سال کے آخر میں فیسٹیول میں ریلیز ہوگی۔