نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک کردیا ہے۔
سلامتی کونسل کا ’’مسلح تنازعات میں شہریوں کا تحفظ‘‘کے موضوع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ مسلح تصادم میں شہریوں کی حفاظت عالمی انسانی قانون کا بنیادی ستون ہے، جب فوجی کارروائی کا مقصد شہریوں کو دبانا ہے تو کیسے تحفظ دیا جائے؟
منیراکرم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پورے محلوں، شہری مراکز اور دیہاتوں کو تباہ کیا گیا، قابض بھارتی فوج 96 ہزار کشمیریوں کو قتل کرچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی ہاؤس آف کامنز نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر وضاحت طلب کرلی
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی "ماں” بھارت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا چاہتاہے، سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے جرائم کانوٹس لے۔
دوسری جانب بھارت کا یوم جمہوریہ آج مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، کل جماعت حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی، بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔