کراچی(نمائندہ خصوصی)
حکومت جاپان نے بہبود ایسوسی ایشن کراچی کوکلفٹن کی شیریں جناح کالونی کے ٹی بی (سِل) کلینک میں استعمال ہونے والے نئے طبی آلات کے لئے گرانٹ فراہم کی ہے۔ گراس روٹ ہیومن سیکورٹی پروجیکٹس (جی جی پی) کے لئے گرانٹ امدادی اسکیم کے تحت اس منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ گرانٹ کا معاہدہ جاپان کے قونصل جنرل جناب اوداگیری توشیو اور بہبود ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ٹی بی پروجیکٹ ڈاکٹر اجمل فرحت کے درمیان طے پایا۔ یہ گرانٹ جاپانی حکومت اور عوام کی جانب سے کراچی میں خاص طور پر ٹی بی کے مریضوں میں بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو آسان بنانے کے لئے نئی ایکس رے مشین کی خریداری کے لئے فراہم کی گئی ہے۔ بہبود ایسوسی ایشن50 برسوں سے زیادہ عرصہ سے کراچی میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات، تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں جیسے کئی منصوبے چلا رہی ہے۔ بہبود ایسوسی ایشن کراچی میں ٹی بی کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے نمایاں اداروں میں سے ایک ہے، جس کا مقصد معاشرے کے محروم طبقات پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے انہیں رعایتی علاج اور دیکھ بھال فراہم کرنا ہے۔ متعدی بیماری ہونے کے باعث ٹی بی کا مکمل علاج نہایت ضروری ہے۔ البتہ پاکستان میں اکثر اوقات علاج کو درمیان میں ہی روک دیا جاتا ہے جس کی نمایاں وجوہات میں مہنگا علاج، ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور وقت کی کمی شامل ہیں۔ موجودہ دور میں طبی خدمات پر مالی بوجھ کو کم کرنے اور ایک ایسا ماحول پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے جس میں ٹی بی کے کمزور مریضوں کو طبی دیکھ بھال تک بہتر رسائی حاصل ہو۔ قونصل جنرل جناب اوداگیری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بہبود ایسوسی ایشن جیسی تنظیموں کے ذریعہ پاکستان میں ٹی بی کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے کام کی تعریف کی۔ جاپانی حکومت اور عوام کی طرف سے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، جناب اوداگیری نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے منصوبوں کے لئے دی جانے والی گرانٹ سے امراض میں مبتلا افراد برسوں تک مستفید ہو سکیں گے۔ بہبود ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ٹی بی پروجیکٹ ڈاکٹراجمل فرحت نے قونصل جنرل کے جذبات کی بازگشت کی اور ذاتی طور پر کراچی اور پاکستان میں مخیر برادری کی جانب سے کراچی میں سب سے زیادہ محروم اور غیر محفوظ افراد کی بہبود اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لئے جاپانی عوام کی مسلسل حمایت اور دوستی کے لئے اظہار تشکر کیا۔