اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ مشکل ترین وقت میں بھی ہماری توجہ پولیو کے خاتمہ پر مرکوز رہی ہے،چیلنجز کے باوجود پولیو کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔ وہ فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی جس میں پولیو کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سماجی تحفظ اور صحت میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد ملک سے پولیو کے خاتمہ کی ضروریات کی نشاندہی کرنے کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے، وفد 2023 میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے اور 2022 کی موسمیاتی تباہی کی روشنی میں مدد کے لیے شعبوں کو سمجھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔گزشتہ برس سیلاب کی تباہی سے 33 ملین سے زائد افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کئی اضلاع میں صحت کی خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ہزاروں لوگ اپنے گھر اور ذریعہ معاش سے محروم ہو گئے ہیں، جس سے 2022 کے سیلاب کے بعد ہمارے سماجی تحفظ کے طریقہ کار پر شدید دبا پڑا ہے۔ ہم اب بھی بحالی کے کاموں میں سرگرم عمل ہیں، لیکن ان مشکل ترین اوقات کے باوجود، پاکستان نے پولیو کے خاتمے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائی کیونکہ پاکستان کے بچے، پوری دنیا کے بچوں کی طرح، ایک صحت مند زندگی کے مستحق ہیں۔بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے وفد کی قیادت پولیو کے خاتمے کے عالمی سربراہ جے ویگنر جبکہ فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی کے وفد کی سربراہی صحت اور سماجی تحفظ کے ڈائریکٹر اگنس سوکاٹ نے کی ۔