اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے لاہور میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے معاملات پر صدر مملکت سے بات ہونے کی تصدیق کر تے ہوئے کہاہے کہ عمران خان پہلے ہی مقبول ہیں، گرفتاری دیکر مزید مقبول ہونے کی ضرورت نہیں۔ اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور کے معاملات میں صدر سے مداخلت کرنے کا نہیں کہا، انہوں نے جو سمجھنا چاہا، وہ سمجھادیا۔انہوںنے کہاکہ رولیکس، مرسیڈیز اور انناس تک لے جانے والے لوگ، توشہ خانہ پر عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، ملک بنانا نہیں، پائن ایپل ری پبلک بن چکا ہے۔صدر مملکت اور یاسمین راشد کی آڈیو لیک پر اعتراض کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سپریم کورٹ کو صدر مملکت کی آڈیو لیکس کا نوٹس لینا چاہیے۔اسد عمر نے کہا کہ سیاسی گرفتاری سے ملنے والی مقبولیت اپنی جگہ، لیکن عمران خان پہلے ہی مقبول ہیں انہیں گرفتاری دے کر مزید مقبول ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔