اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران نیازی واقعی شر پسند ہے ۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ زمان پارک لاھور کا ایک گھر ریاست کے لیئے نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے ملک میں پہلے بھی شرپسند عناصر امن تباہ کرتے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران صرف عدالت میں پیشی سے بھاگ رہا ہے، ایک طرف کہتا ہے ڈرتا نہیں اور دوسری طرف ڈرامہ لگا رہا ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ عمران نیازی گرفتاری کے ڈر سے مزید پاگل ہو چکا ہے، عدالتی احکامات پر عمل کرنے والے افسران اور جوانوں کو پٹرول بم مارے گئے۔شازیہ مری نے کہاکہ جہاد کا نعرہ لگا کر قانون توڑنا بھی جرم ہے، اس طرح کے واقعات پر رعایت برتنے سے قانون شکنی کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قانون سب کیلئے ایک کا بیانیہ مذاق بنا دیا گیا ہے۔