ہیوسٹن(نمائندہ خصوصی ) پاکستانی فنکار دنیا بھر میں پاکستان کی روشن ثقافت، تہذیب اور بھائی چارے کے سفیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار، کونسل جنرل آف پاکستان ہیوسٹن، ابرار ہاشمی نے پاکستانی فنکاروں کے اعزاز میں ڈیلس میں منعقدہ ایک تقریب سے کیا تقریب کا اہتمام فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کیا تھا۔ تقریب میں پاکستان کے معروف اداکار فہد مصطفی اعجاز اسلم ،کامران جیلانی سمیع خان ،فائق خان رعید عالم ، زین بیگ ،فیضان شیخ ایاز سومرو اور نواب علم جبکہ گلوکار عاصم اظہر اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے شرکت کی ۔
اس موقع پر فنکاروں کا کہنا تھا کہ دیارِ غیر میں اپنے ہم وطنوں کی محبت اور پیار کا اظہار ان کے لیے بہت حوصلہ افزا ہے اور پاکستان کے فنکاروں نے دنیا بھر میں اپنے فن سے اپنے وطن کا نام روشن کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔پاکستانی آرٹسٹوں نے ڈیلس میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کی اتنی بڑی تعداد میں اس تقریب پر شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے دور ہم وطنوں کا خلوص پاکستانیوں کی روایتی مہمان داری کا مظہر ہے۔
اس موقع پر تقریب کی میزبان غزالہ حبیب نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی اہل ڈیلس کے لیے باعث اعزاز ہے اور پاکستان کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ڈبیلس میں ایسی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔
تقریب میں کونسل جنرل آف پاکستان اور ان کی اہلیہ کے علاوہ پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک، امیر روبانی ، حیدر رزاق اور ڈاکٹر ریاض حیدر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
اس موقع پر حاضرین نے اپنے پسندیدہ فنکاروں سے سوالات بھی کیے جس پر پاکستانی اسٹارز نے دل کھول کے جوابات دیئے۔
مہمان پاکستانی سٹارز کی ٹیم نے مقامی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ‘ٹوئیکر ٹوئنٹی ٹو” میچ بھی کھیل.ا 20 اوورز کے میچ میں سخت مقابلے کے بعد پاکستانی سٹارز کی ٹیم نے F.16 کرکٹ کلب کو شکست سے دوچار کیا،کرکٹ میچ کے مین آف دی میچ عاصم اظہر قرار پائے جبکہ کونسل جنرل ابرار ہاشمی اور ٹو ئیکر کمپنی کے سی۔ ای۔ او حیدر رزاق نے فاتح ٹیم اور رنر آپ کو ٹوئیکر ٹرافیز پیش کیں۔ میچ دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی اسٹارز کے فینز کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔