اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزارت مذہبی امور اور سول ایوی ایشن کی سستی اور نا اہلی کی وجہ سے حج آپریشن بری طرح متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں ،ابھی تک وزارت مذہبی امور حج پروازوں کا شیڈول ہی نہیں بنا سکی جبکہ دوسری طرف پی آئی اے کے 20 پائلٹس نے اپنے استعفے دے دیئے ہیں ،یہ پائلٹس سعودی عرب سمیت بیرون ملک پروازیں لے جاتے تھے ،ذرائع کے مطابق 28 شوال تک پورا حج پلان سعودی حکام کے ساتھ شیئر کرنا ہوتا ہے اور اس پر عملدرآمد حج پالیسی کے فوری بعد شروع ہو جاتا ہے تا کہ عازمین حج کے لئے رہائش گاہیں ،مکہ معظمہ کے پاس حاصل کی جا سکیں لیکن ابھی تک وزارت مذہبی امور سول ایوی ایشن اور پی آئی اے نے اس حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی نہ ہی فلائیٹ شیڈول ترتیب دیا جارہا ہے جس کی بناءپر حج آپریشن بری طرح متاثر ہونے کے امکانات ہیں ،ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے بیرون ملک پروازیں آپریٹ کرنے والے پائلٹس میں سے 18 سے 20 ایسے ہیں جنہوں نے استعفے دے دیئے ہیں کیونکہ ان کی تنخواہوں پر 35 سے 40 فیصد ٹیکس لگا دیا ہے اور انہوں نے حج آپریشن کے دوران بھی جہاز اڑانے سے معذرت کرلی ہے اس پر بھی متعلقہ ادارے ابھی تک کوئی پلان نہیں بنا سکے جس کی بناءپر عازمین حج کو شدید مشکلات پیش آسکتی ہیں۔