کراچی (کامرس رپورٹر ) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر اورایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل نے کہا کہ گرین اکانومی وقت کی انتہائی ضرورت ہے اورگرین اکانومی کیلئے انفرااسٹرکچرمنصوبوں میں سرمایہ لگانے کی اشد ضرورت ہے،ملک میں خوراک، پانی،صحت اور زراعت کے شعبوں کو ترقی دینے کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ ملک کو لاحق شدید موسمیاتی خطرات کے پیش نظرموسمیاتی تبدیلی سے مزاحم انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ حاصل کرنے کی بھی کوشش کی جائے۔مرکزی ترجمان، یوبی جی گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر یونائٹیڈ بزنس گروپ زبیرطفیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ تقریباً24 کروڑکی آبادی والے ملک کی حیثیت سے ہمیں اپنی جی ڈی پی کا 10 فیصد سالانہ بنیادوں پر انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے خرچ کرنا چاہیے اور حکومت پائیدار انفرااسٹرکچر فنانسنگ کے فروغ کیلئے مالیاتی اداروں کو سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد کی اس بات سے متفق ہے کہ معیشت کے لیے متوازن آب و ہوا کو فروغ دینے کے اقدامات گیم چینجر ثابت ہوں گے تاہم اگر حکومت اس ضمن میں نجی شعبے کی مشاورت سے پلاننگ کرے تو اسے بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔زبیرطفیل نے کہا کہ ملکی انفرااسٹرکچر کی فنانسنگ کے لیے ہمیں سالانہ تقریباً 5 ٹریلین روپے کی ضرورت ہے مگر ملکی خزانے کی موجودہ صورتحال سے انفرااسٹرکچر منصوبوں پر سرمایہ کاری دکھائی نہیں دے رہی ہے لیکن حکومت کو اس سلسلے میں مربوط پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے۔