اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی سمیت علاقائی پیش رفت اور کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔معزز مہمان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو اتحادی ممالک سے سمارٹ انڈکشنز، انفراسٹرکچر کے فروغ اور ٹریننگ کی از سر نو تشکیل کے حوالے سے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں سے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی تعلقات استوار ہیں جو بے مثال تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین عسکری تعاون، اسٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ "پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں”۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور گزشتہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی بھی تعریف کی اور ہر سطح پر دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں معززین نے تربیت، جدید ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں معاونت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔