کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی بنگالی برادری کے بنیادی مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ قیام پاکستان کے وقت سے آباد پاکستانی بنگالی خاندانوں کو NADRA میں پیش آنے والی مشکلات کو حل کروانے کی کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں پاک مسلم الائنس (دیوان) کے چیئرمین بچو عبدالقادر دیوان کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر چیئرمین تنظیم الاعوان فاروق اعوان، صدر پاکستان الائنس علاءالدین، سیکرٹری مولانا شبیر احمد پولانی، مفتی محی الدین احمد منصوری، صدر یوتھ ونگ محمد کمال، محمد حسین شیخ، صدر پاک ماہی گیر ویلفیئر محمد علاءالدین ناکوا اور وائس چیئرمین تنظیم الاعوان زاہد اعوان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفد نے سندھ میں پاکستانی بنگالیوں کو درپیش مشکلات و مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہم پاکستانی بنگالی برادری کے بنیادی مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں مقیم پاکستانی بنگالی برادری کے بنیادی اور جائز مسائل کو سندھ حکومت حل کریگی ۔ انہوں نے وفد کی جانب سے پاکستانی بنگالی برادری کے شناختی کارڈ کے اجراء میں درپیش مسئلے پر کہا کہ قیام پاکستان کے وقت سے آباد پاکستانی بنگالی خاندانوں کو NADRA میں پیش آنے والی مشکلات کو حل کروانے کی ہم بھرپور کوشش کریں گے۔ اس موقع پر وفد نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ سعید غنی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آنے والے وفد کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ پاکستانی بنگالی برادری جائز اور قانونی مسائل کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھایا جائے گا اور ان کو حل کیا جائے گا۔