اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کیا گیا ہے،رمضان میں پنجاب بھر کے 1کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائےگا،مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا قبول نہیں،چوری روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں پنجاب بھر کے 1کروڑ 58لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان تک کی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی تقسیم 8ہزار 5سو یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کیلئے آٹے کی تقسیم کے مزید 20ہزار پوائنٹس قائم کئے جائیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے،آٹے کی فراہمی کے دوران چوری روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا قبول نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مفت آٹا سکیم میں اہلیت ایس ایم ایس کے ذریعے جانچی جا سکے گی،وفاقی حکومت دیگر صوبوں کو بھی اس پروگرام میں معاونت فراہم کرےگی۔